اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) سیر و تفریح کا خوشگوار خواب اس وقت خوفناک حادثے میں بدل گیا جب سکھر سے اسلام آباد جانے والی ایک فیملی کی ہائی روف وین موٹر وے پر جھانگڑہ انٹرچینج کے قریب ایک کھڑے ٹریلر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کا سبب ڈرائیور کو اچانک نیند کا آ جانا بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث گاڑی قابو سے باہر ہو گئی اور ٹریلر سے جا ٹکرائی۔

اس افسوسناک واقعے میں 28 سالہ نوجوان محمد حامد ولد محمد ماجد شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اس کے بائیں پاؤں پر گہرا زخم اور دائیں ران پر شدید خراشیں آئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی کو رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حادثے کے بعد موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر کے متاثرہ گاڑی کو ہٹایا اور ٹریفک کو بحال کیا۔ فیملی کے دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم حادثے کے باعث شدید ذہنی صدمے کا شکار ہیں۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر لی ہے جبکہ حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Shares: