اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان): پنجاب میں پہلی بار معذور افراد کی امداد کے لیے خصوصی پروجیکٹ "ہمت کارڈ” کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے احمد پور شرقیہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معذور افراد کو ہمت کارڈ تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مسز سحر صدیقہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر احمد پور شرقیہ میں بھی معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے معذور افراد کو مالی مشکلات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک خالد بابر وارن تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے معذور افراد کے لیے ہمت کارڈ کا اجرا کر کے ایک احسن اقدام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے معذور افراد کی بہبود کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق احمد خان نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نے اس پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عائشہ گل اور ممبر تحصیل ڈسیبلٹی بورڈ شیخ عزیز الرحمن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں تحصیل بھر سے آئے ہوئے معذور افراد کو ممبر پنجاب اسمبلی ملک خالد بابر وارن نے ہمت کارڈ تقسیم کیے۔ شیخ عزیز الرحمن نے بتایا کہ تحصیل بھر میں 2 ہزار سے زائد مستحق افراد کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جن میں سے 1200 افراد کو پہلی قسط میں ہمت کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی بھی شخص یا ادارے کو کوئی رقم ادا نہیں کرنی ہے۔