اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موچیاں والی سولنگ، خرم پور روڈ پر گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ محمد صفدر نامی شخص نے اپنی بیوی سعدیہ پر تیز دھار چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
اطلاعات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو مسئلے پر تلخ کلامی ہوئی جو جلد ہی پرتشدد شکل اختیار کر گئی۔ غصے میں آکر محمد صفدر نے سعدیہ پر چھری سے وار کر دیے، جس سے ان کے گلے اور ہاتھوں پر گہرے زخم آئے۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو عملے نے سعدیہ کو تشویشناک حالت میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اوچ شریف منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت نازک ہے اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد صفدر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔