اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)غیرقانونی بھانوں سے روحانی شہر ماحولیاتی تباہی کا شکار، تعفن، بیماریوں اور انسانی المیے پر شہری سراپا احتجاج

پنجاب کا روحانی و تاریخی شہر اوچ شریف اس وقت ایک شدید ماحولیاتی بحران میں مبتلا ہے، جہاں درجنوں غیر قانونی جانوروں کے بھانے شہری زندگی کے لیے عذاب بن چکے ہیں۔ شہر کی گلیاں، رہائشی علاقے اور نالیاں گندگی، تعفن، خون آلود پانی اور جانوروں کے فضلے سے اٹی پڑی ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کا روزمرہ معمول مفلوج ہو گیا ہے بلکہ مختلف مہلک امراض بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

شہریوں نے انکشاف کیا ہے کہ یہ بھانے بااثر افراد کی سرپرستی میں عرصہ دراز سے قائم ہیں اور انتظامیہ کی خاموشی اس غیرقانونی کاروبار کو دوام دے رہی ہے۔ فضلے کی بدبو سے شہری گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ سانس کی بیماریاں، دمہ، اسہال، جلدی امراض اور پیٹ کے مسائل بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شدید متاثر کر رہے ہیں۔

مقامی رہائشی محمد رمضان، عامر محمود، الحسن اکبر اور شفیق احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ "یہ شہر اولیاء کا مرکز ہے، مگر بدقسمتی سے انتظامیہ کی غفلت نے اسے گندگی کا مرکز بنا دیا ہے۔ بچوں کا اسکول جانا، خواتین کا گھروں سے نکلنا اور بزرگوں کا مسجد تک جانا بھی عذاب بن چکا ہے۔”

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ماحولیات، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:

* شہر کے رہائشی علاقوں میں موجود تمام غیر قانونی بھانوں کی فوری بندش کو یقینی بنایا جائے
* ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات پر مشتمل خودمختار ٹاسک فورس تشکیل دی جائے
* فضلہ ٹھکانے لگانے کے لیے جدید اور منظم نظام نافذ کیا جائے
* گندگی پھیلانے اور ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اوچ شریف میں ایک مکمل ماحولیاتی سانحہ جنم لے سکتا ہے جو نہ صرف صحت عامہ کے لیے خطرہ بنے گا بلکہ روحانی و ثقافتی ورثے کی توہین بھی تصور ہوگا۔

Shares: