اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پیٹرولنگ پولیس خیرپور ڈاہا نے سب انسپکٹر وحید کی قیادت میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ، گولیاں، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم جنید محمود ولد جندوڈہ، سکنہ بکھری، کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ مشتبہ حرکات کر رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر وحید بمعہ پولیس ٹیم معمول کے گشت پر تھا کہ دورانِ نگرانی ایک شخص کو مشکوک انداز میں گھومتے پایا گیا۔ مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے 30 بور پستول، پانچ زندہ گولیاں، ایک موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔ ملزم اسلحے کا کوئی قانونی لائسنس پیش نہ کر سکا، جس پر اسے موقع پر گرفتار کر کے تھانہ دھوڑکوٹ منتقل کر دیا گیا۔

ملزم کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ علاقے کے عوام نے پیٹرولنگ پولیس کی مستعدی اور بروقت کارروائی کو سراہا اور اسے علاقے میں امن و امان کے قیام کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔

Shares: