اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں کتابوں اور کاپیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے والدین کو پریشانیوں کی نیند سے جگا دیا ہے۔ کاغذ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بچوں کی تعلیم کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے والدین محمد صدیق، محمد انوار، حفیظ اللہ، محمد عمران، عامر خان اور محمد شبیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ وہ پہلے سے ہی نصاب کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشان تھے اور اب بڑھتی ہوئی کاغذ کی قیمتوں نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ کاغذ کی قیمت صرف چند مہینوں میں 300 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 45 روپے کا اضافہ ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے کتابوں، کاپیوں اور دیگر تعلیمی مواد کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ اس سے خاص طور پر غریب طبقے کے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کاغذ مل مالکان اپنی اجارہ داری کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں اور بلا وجہ قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ تعلیمی نظام متاثر نہ ہو۔
والدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے جلد از جلد اس مسئلے کا حل نہ نکالا تو غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سٹیشنری اور تعلیمی مواد کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔