اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) عید قربان جیسے پرمسرت موقع پر بھی اوچ شریف کے بازار مہنگائی کے سائے میں ویران نظر آ رہے ہیں۔ اشیائے ضروریہ، قربانی کے جانوروں اور قصابوں کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی قوت خرید کو مفلوج کر دیا ہے، جس سے عید کی روایتی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔
شہر کی مارکیٹیں سنسان ہو چکی ہیں، خریدار نہ ہونے سے دکاندار پریشان اور کاروباری طبقہ بدترین مالی دباؤ کا شکار ہے۔ مقامی تاجروں عمر خورشید، اکرم، شوکت اور دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر فوری ریلیف نہ دیا گیا تو مقامی معیشت تباہ ہو جائے گی اور عوام غربت کی لکیر سے بھی نیچے جا گریں گے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی نے زندگی اجیرن کر دی ہے، دو وقت کی روٹی کا بندوبست بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ کاشتکار گندم کی کم قیمتوں سے شدید متاثر ہیں۔ تاجر اور عوام دونوں نے حکومت سے ہنگامی معاشی پالیسیوں اور ریلیف پیکج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عید کی خوشیاں صرف خواب بن کر رہ جائیں گی۔