اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور کی جانب سے جاری ہونے والے تبادلہ و تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر فیصل امین کو تھانہ سول لائن سے تبدیل کر کے ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف تعینات کر دیا گیا ہے۔ فیصل امین ایک محنتی، فرض شناس اور پیشہ ور پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی سابقہ تعیناتیوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان کی تعیناتی پر اوچ شریف کے عوامی و سماجی حلقوں، تاجر برادری اور معززینِ علاقہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل امین کی آمد سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی تعیناتی سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔
تعیناتی کے فوری بعد ایس ایچ او فیصل امین نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور ایکشن کا آغاز کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی خصوصی ہدایت پر انہوں نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ الشمس چوک اور شہر کے مختلف مقامات پر مؤثر لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی انجام دی۔
ایس ایچ او فیصل امین نے اس موقع پر کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، کسی بھی شرپسند یا قانون شکن عنصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی شہر میں دیرپا امن ممکن ہے۔ پولیس کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ سخت کر دی گئی ہے جبکہ اہم بازاروں، تجارتی مراکز اور عبادت گاہوں کے اطراف میں گشت مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
شہریوں نے ایس ایچ او فیصل امین اور ان کی ٹیم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اوچ شریف میں جرائم کی شرح میں واضح کمی اور امن و سکون میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔ فیصل امین نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف میں قانون کی عملداری اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، کسی کو بھی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔








