اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع ککس بستی حاجی محمد یار ککس میں ایک اہم اور خوش آئند واقعہ پیش آیا، جہاں مقامی رہائشی محمد جاوید ولد عبد الرزاق نے جرائم سے توبہ کر کے ایک نئی زندگی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، بزرگوں اور دیگر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے محمد جاوید کے اس فیصلے کو سراہا اور اسے نیکی اور بھلائی کے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔
توبہ کے اس یادگار اجتماع میں زراعت آفیسر عبدالمالک، قاری بشیر احمد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ محمد جاوید کا جرائم سے کنارہ کش ہو کر ایک مثبت زندگی کی طرف آنا پورے علاقے کے لیے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جرائم سے دور رہیں اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے محنت اور ایمانداری کے راستے کو اپنائیں۔
محمد جاوید نے کہا کہ ماضی میں وہ بعض غلط سرگرمیوں میں ملوث رہا، لیکن اب وہ سچے دل سے ان سب سے توبہ کرتا ہے اور آئندہ ایک دیانتدار اور نیک زندگی گزارنے کا عزم رکھتا ہے۔ اس کے اس فیصلے پر اہل علاقہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے ثابت قدم رکھے۔