اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف سے احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، علی پور اور جلال پور پیر والا تک چلنے والی پرانی، خستہ حال اور غیر فٹ پبلک ویگنیں شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ یہ کھٹارا گاڑیاں نہ کھڑکیوں سے لیس ہیں، نہ شیشوں سے، اور نہ ہی ان کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہیں۔ حیران کن طور پر یہ گاڑیاں ایل پی جی سلنڈروں پر چلائی جا رہی ہیں، جن کا استعمال پبلک ٹرانسپورٹ میں اوگرا کی جانب سے سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

مسافروں کے مطابق یہ ویگنیں حد سے زیادہ اوورلوڈ ہوتی ہیں اور اندر نصب سلنڈر کسی بھی وقت دھماکہ کر سکتے ہیں، مگر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ فورس سب نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اداروں کے بعض افسران اور ٹرانسپورٹ مافیا کے درمیان مبینہ "ماہانہ ڈیل” طے ہے، جس کے نتیجے میں گاڑیاں بلاخوف رواں دواں ہیں۔ پولیس ناکوں پر روکنے کے باوجود بھی کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوتی، صرف چند رسمی چالان کرکے افسران کی "اطمینان رپورٹ” تیار کر لی جاتی ہے۔

اوچ شریف تا احمد پور شرقیہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر دوڑتی یہ غیرقانونی گاڑیاں انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکی ہیں۔ شہریوں اور مسافروں نے کمشنر بہاول پور، ڈپٹی کمشنر، اور ڈی پی او بہاول پور سے فوری نوٹس لینے، غیرقانونی ٹرانسپورٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے، اور ملوث افسران و ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

Shares: