اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بیٹ احمد بستی کالڑہ میں چوری کی سنگین واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم چور ایک محنت کش مجید کالڑہ کی قیمتی گائے چرا کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مجید کالڑہ جو کہ ایک محنت کش ہیں، اپنی گائے پال کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔ انہوں نے رات کے وقت اپنی گائے کو گھر کے قریب باڑے میں باندھ کر سو گئے۔ تاہم علی الصبح جب وہ باڑے میں گئے تو گائے غائب تھی۔
گائے کی چوری کی اس واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دیہاتیوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ چوروں کا جلد از جلد سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور محنت کش کسان کی قیمتی گائے واپس دلائی جائے۔
متاثرہ شخص نے کہا کہ وہ پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار تھے اور اب ان کی واحد قیمتی ملکیت بھی چوری ہو گئی ہے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔
علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔