اوچ شریف: اسپیڈ بریکرز کی کمی سے حادثات میں اضافہ، شہری پریشان
اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان) شہر کی مصروف سڑکوں پر اسپیڈ بریکرز کی عدم موجودگی کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں جبکہ منچلوں کی تیز رفتاری اور ون ویلنگ نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسپیڈ بریکرز کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے تاکہ حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کی اہم شاہراہوں، جن میں للو والی پل روڈ، علی پور روڈ، خیرپور ڈاہا روڈ اور احمد پور شرقیہ روڈ شامل ہیں، پر اسپیڈ بریکرز نہ ہونے کی وجہ سے تیز رفتار گاڑیاں اور ون ویلنگ کے واقعات عام ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک افسوسناک حادثے میں اوچموغلہ کے رہائشی عاشق کے 8 سالہ بیٹے کو تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا، جس سے بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سڑکوں پر تعلیمی ادارے اور دیگر اہم مقامات موجود ہونے کے باوجود اسپیڈ بریکرز تعمیر نہیں کیے گئے، جس کے نتیجے میں متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔ ان حادثات میں کئی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ متعدد افراد معذوری کا شکار ہو کر محتاجی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر اسپیڈ بریکرز کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔