اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے رتڑ نہڑانوالی بستی عبداللہ خان سمیت قریبی دیہات میں لمپی وائرس اور منہ کھر کی وبا نے تباہی مچا دی، درجنوں مویشی ہلاک اور کسان شدید مالی بحران سے دوچار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق وبا نے بستی عبداللہ خان، چاکر خان رند، بستی بہار خان اور دیگر قریبی علاقوں میں درجنوں جانوروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کسان محمد دین کی قیمتی وچھی بیماری کے باعث تڑپ تڑپ کر مر گئی، جبکہ متعدد دوسرے مویشی بھی شدید متاثر ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں مکمل طور پر غائب ہیں۔ نہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے اور نہ ہی کسی ڈاکٹر کی جانب سے دورہ کیا گیا ہے۔ مقامی کسانوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی سیلاب کے نقصانات سے مالی طور پر کمزور ہو چکے ہیں اور اب یہ وائرس ان کے روزگار پر کاری ضرب لگا رہا ہے۔
اہلِ علاقہ نے الزام لگایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کے اہلکار محض فائلوں میں کارروائی دکھا رہے ہیں جبکہ زمینی سطح پر کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ جانور کئی کئی دن تک اذیت میں مبتلا رہتے ہیں مگر محکمہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی عدم توجہی اور محکمانہ غفلت کی وجہ سے وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جس سے مویشی پال کسانوں کا بھاری نقصان ہو رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سے فوری نوٹس لینے، ایمرجنسی ویکسینیشن مہم شروع کرنے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔








