اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) انجمن طلباء اسلام اوچ شریف کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان محفلِ حسنِ قرأت کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل میں دنیا کے مختلف ممالک سے تشریف لائے ہوئے قاریانِ کرام نے کلامِ پاک تلاوت کرکے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
محفل میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں الشیخ القاری رجا ایوب (تنزانیہ)، الشیخ القاری السید عبداللہ مصری (مصر)، اور الشیخ القاری الکباب ایوب (تنزانیہ) شامل تھے۔ انہوں نے اپنے دلنشین انداز میں قرآن پاک کی آیات تلاوت کرکے حاضرین کے قلوب کو نورانی بنا دیا۔
اس موقع پر انجمن طلباء اسلام اوچ شریف کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات زین رضا بخاری نے کہا کہ قرآن پاک میں آئینہ حیات ہے۔ قرآن کی تعلیم پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت کرنے سے دل کو سکون اور دماغ کو راحت ملتی ہے۔ قرآن پاک کی تعلیم پر عمل پیرا ہونے سے انسان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔
محفل میں ایم پی اے اوچ شریف مخدوم سید عامر علی شاہ، صدر جماعت اہلسنت اوچ شریف حاجی غلام یسین سومرو سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اس محفل میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور کلامِ پاک سن کر اپنے قلوب کو نورانی بنایا۔