اوچ شریف( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی گاؤں موضع شکرانی کے بہادر سپوت، پاک فوج کے نڈر افسر کیپٹن محمد آصف شکرانی کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران وطن کی خاطر جان قربان کرنے پر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

شہید کی نمازِ جنازہ مقامی گراؤنڈ میں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں ادا کی گئی، جس میں کور کمانڈر بہاولپور، ڈی پی او بہاولپور، ایم این اے کے فرزند مخدوم سید سمیع حسن گیلانی، سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، موجودہ ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ، پاک فوج کے اعلیٰ افسران، وکلاء، صحافی، سماجی شخصیات اور علاقے کے عمائدین سمیت ہر طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ فضا "پاک فوج زندہ باد”، "شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

اس موقع پر کور کمانڈر بہاولپور نے کہا کہ کیپٹن محمد آصف شکرانی کی بہادری اور وطن سے محبت پاک فوج کے عزم اور قربانی کے جذبے کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

علاقے کے مکینوں نے شہید کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد آصف شکرانی کی شہادت ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور ان کا نام ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

Shares: