اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) تاریخی شہر اوچ شریف میں واقع میزان بینک کی برانچ میں نصب اے ٹی ایم کا سکیورٹی دروازہ گزشتہ کئی ہفتوں سے غائب ہے۔ اس صورتحال نے بینک کے صارفین کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔
دن رات اے ٹی ایم کا استعمال کرنے والے افراد اپنی رقوم نکلوانے اور ٹرانزیکشن کرنے میں بے حد ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں۔ شہر میں چوری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث صارفین مزید خوفزدہ ہیں۔
باغی ٹی وی کے نامہ نگار حبیب خان کے مطابق، متعدد صارفین نے بتایا کہ انہوں نے بینک کے عملے کو اس مسئلے سے آگاہ کیا ہے لیکن کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ بینک عملہ صرف زبانی جمع خرچ کرتا رہا ہے۔
صارفین نے اسٹیٹ بینک اور میزان بینک کے حکام سے فوری طور پر سکیورٹی دروازہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک سکیورٹی کا مناسب انتظام نہیں کیا جاتا، وہ اے ٹی ایم کا استعمال کرنے سے گریز کریں گے۔