اوچ شریف:میلاد مصطفی ﷺ کی پروقار تقریب، پیر غلام مجدد الف ثانی کا خطاب

اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) میڈیا کلب احمد پور شرقیہ کے زیر اہتمام میلاد مصطفی ﷺ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پیر اف مٹیاری شریف سندھ اور مشائخ اتحاد کونسل آف پاکستان کے سربراہ پیر غلام مجدد الف ثانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ پیارے نبی ﷺ کا امتی ہونا مسلمانوں کا طرہ امتیاز ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی ﷺ کو تمام عالموں کے لیے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔

تقریب کی صدارت پیر اف اوچ شریف مخدوم سید غلام مجتبیٰ بخاری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض میڈیا کلب احمد پور شرقیہ کے صدر شیخ عزیز الرحمن نے انجام دیے۔ اس بابرکت محفل میں معروف نعت خواں حضرات اللہ نواز حیدری، سید منور حسین نقوی، ظفر اقبال سومرو، زاہد عباس مغل، عبدالمجید ناصح، ملک محمد اختر اور شرافت حسین نے پیارے نبی ﷺ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں علامہ فیضان علی حیدر شیخ نے سیرت النبی ﷺ پر اپنے پُرجوش خطاب سے سامعین کے دل موہ لیے۔ انہوں نے نبی ﷺ کی حیات مبارکہ پر روشنی ڈالی اور اس بابرکت محفل کو ایک روحانی فضاء فراہم کی۔

میلاد مصطفی ﷺ کی اس تقریب میں علاقے کی معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق کونسلر محمد اصف گوندل، خواجہ محمود الحسن، امتیاز جعفری، سید تنویر حسین بخاری، مختیار احمد، ملک علی حسین قریشی، طارق لاشاری، شہزاد لشاری ایڈوکیٹ، سردار اے ڈی خان جلوانہ، طارق چنڑ، اور دیگر شامل تھے۔

شرکاء نے اجتماعی طور پر صلاۃ و سلام پیش کیا اور پیر صاحبان نے پاکستان کی سلامتی، امن و امان اور دیگر مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعا کی۔ تقریب میں فلسطین پر اسرائیلی حملے کے خلاف ایک قرارداد مذمت بھی منظور کی گئی۔

محفل میں ہر طرف صلاۃ و سلام اور درود کی صدائیں گونجتی رہیں اور رات گئے تک حاضرین پیارے نبی ﷺ کے ذکر پر جھومتے رہے۔ محفل کے اختتام پر حاضرین میں شیرینی تقسیم کی گئی، اور میڈیا کلب کے صدر شیخ عزیز الرحمن نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پیر اف مٹیاری شریف نے اس موقع پر میڈیا کلب کے تمام ممبران کو مٹیاری شریف عرس کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Comments are closed.