اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پاکستان پیپلز پارٹی ڈویژن بہاولپور کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری رانا محمد سلیم، سابقہ ٹکٹ ہولڈر عاصم عباسی، ضلعی صدر لیبر بیورو سید امجد بشیر، ضلعی صدر سرکل اسٹڈی عظیم وقار، ضلعی نائب صدر بشیر احمد جوئیہ، احمد داؤد، عبدالرحمن مغل، شعبہ خواتین کی ڈویژنل صدر سائرہ عباسی، ڈویژنل نائب صدر نسرین بیگ، فاطمہ زیدی ایڈووکیٹ (نائب صدر ڈویژن بہاولپور) اور تحصیل صدر احمد پور شرقیہ ام البنین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جسے 14 اگست 1947ء کو لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور پرامن ملک ہے، جس کے دوستانہ تعلقات مسلم دنیا میں نہایت گہرے ہیں۔ خواتین نے بھی تحریکِ آزادی میں مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان او آئی سی کا دوسرا بڑا ملک اور واحد نیوکلیئر طاقت ہے، جو اپنی اسٹریٹجک حیثیت سے خطے اور قریبی علاقوں کے سنگین مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2025ء میں پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی لیکن اسے منہ کی کھانی پڑی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت کی بدولت 1974ء میں او آئی سی کے تاریخی سربراہی اجلاس کے ذریعے اسلامی دنیا میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ ملا، جو پیپلز پارٹی کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہا ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کے پلیٹ فارم سے کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت ہماری قومی اور اسلامی یکجہتی کی علامت ہے۔

Shares: