اوچ شریف :موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ سے موٹر سائیکل رکشہ کو آگ لگ گئی

اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کی موبائل مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک موٹر سائیکل رکشہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم مقامی تاجروں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا لیا، جس سے بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔

رپورٹ کے مطابق موبائل مارکیٹ میں ایک موٹر سائیکل رکشہ کپڑوں کے بورے منیر کلاتھ ہاؤس پہنچانے کے لیے نکلا ہی تھا کہ اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رکشے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے نے مارکیٹ میں موجود تاجروں اور خریداری کے لیے آئے ہوئے افراد کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ آگ کی لپیٹ میں آنے والا رکشہ مکمل طور پر شعلوں میں گھِر چکا تھا جس کے باعث آس پاس موجود دکانداروں اور مارکیٹ میں موجود افراد نے فوراً مدد کے لیے ایک دوسرے کو آواز دی۔

مارکیٹ کے تاجروں نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں شروع کر دیں۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دستیاب وسائل سے آگ بجھانے کی کوشش کی اور بروقت اقدام سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔ تاجروں کی فوری اور موثر کارروائی نے نہ صرف مارکیٹ کے دیگر حصوں کو محفوظ رکھا بلکہ کسی بڑے مالی اور جانی نقصان سے بھی بچاؤ ممکن بنایا۔

Comments are closed.