اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے چنی گوٹھ میں مقامی صحافی ظفر اقبال نائچ کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے اور بھائی کے قاتل نہ صرف کھلے عام گھوم رہے ہیں بلکہ انہیں کیس کی پیروی سے روکنے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں، اور انکار پر جان کے دشمن بن گئے ہیں۔

مقتول کی ضعیف ماں، بہن اور دیگر اہل خانہ نے مقامی صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کی پولیس مبینہ طور پر ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ اسی سرپرستی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے اور ہمیں دھمکیاں دے کر انصاف سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اہل خانہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کا تعلق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات اور کچے کے ڈاکوؤں سے ہے، اس لیے وہ انتہائی خطرناک مجرم ہیں۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری ایکشن لے کر قاتلوں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ادھر سیاسی، سماجی اور صحافتی تنظیموں نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتول صحافی ظفر اقبال نائچ کے قاتلوں کو جلد از جلد سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ آئندہ کسی کو حق اور سچ کی آواز دبانے کی جرات نہ ہو۔

Shares: