اوچ شریف (نامہ نگار باغی ٹی وی، حبیب خان): اوچ شریف کے نواحی علاقے رسول پور میں واقع "ننگا پل” کی خستہ حالی نے مقامی عوام کی زندگیوں کو شدید خطرات میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی افراد نے اس پل کو "ننگا پل” کا لقب دے دیا ہے کیونکہ اس کی تباہی نے شہریوں کو نہ صرف روزانہ کی آمد و رفت میں مشکلات کا شکار کر دیا ہے، بلکہ اس کی بدتر حالت نے ایک بڑے حادثے کا خدشہ بھی بڑھا دیا ہے۔

یہ پل کئی دیہاتوں کو قومی شاہراہِ کے ایل پی روڈ اور سی پیک سے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے، جس پر روزانہ ہزاروں افراد کا گزر ہوتا ہے۔ تاہم، پل کے پشتے کمزور ہو چکے ہیں اور حفاظتی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے یہاں اکثر حادثات پیش آ رہے ہیں۔ اس پل کو استعمال کرنے والے کسان، طلباء اور عام شہری ہر وقت خطرے میں مبتلا رہتے ہیں۔ سکول کے اوقات میں بچوں کا گزرنا اور خواتین کا اس پل سے گزرنا مزید خطرناک ہو چکا ہے۔

مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ پل ان کے زرعی اجناس کی منڈیوں تک پہنچنے کا واحد ذریعہ ہے، اور اس کی خراب حالت نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ وہ اپنی اجناس بروقت منڈیوں تک پہنچانے میں ناکام ہو رہے ہیں، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اس پل کی ناقص حالت کے باعث روزانہ کی کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس پل کی مرمت کی جائے اور اس کی حفاظت کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس پل کی مرمت اور توسیع نہ کی گئی تو یہ "ننگا پل” ایک سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔

مقامی عوام نے کمشنر بہاول پور، ڈپٹی کمشنر بہاول، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری طور پر ہنگامی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے تاکہ اس پل کی حالت بہتر ہو سکے اور عوام کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Shares: