اوچ شریف: اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ ، عوام پریشان

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے نے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ انتظامیہ کی ناکامی اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی عدم دلچسپی نے پرائس کنٹرول کمیٹی کو غیر فعال کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں دکاندار بلا خوف و خطر من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔

شہریوں کی شکایات کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والی ریٹ لسٹیں اکثر تاخیر سے آتی ہیں اور جب یہ جاری ہوتی ہیں تو دکاندار انہیں نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے بااثر دکاندار سادہ صارفین کو لوٹنے کا موقع پا رہے ہیں جس سے عام آدمی کی زندگی مشکل ہو گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے میں ہی انتظامیہ کچھ ایکشن لیتی ہے جبکہ باقی سال دکانداروں کو لوٹ مار کی آزادی دے رکھی ہے۔ اس صورتحال نے خاص طور پر غریب طبقے کے لوگوں کی زندگی کو بے حد متاثر کیا ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوچ شریف میں فرض شناس اور ایماندار افسران کی تعیناتی یقینی بنائیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

عوامی رائے یہ ہے کہ انتظامیہ کی لاپرواہی سے اوچ شریف میں جنگل کے قانون کی کیفیت برقرار ہے جو کہ شہریوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔یہ صورت حال فوری توجہ کی متقاضی ہے تاکہ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور انصاف مل سکے۔

Comments are closed.