اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محکمہ ڈاک اوچ شریف کی مجرمانہ غفلت اور غیر ذمہ داری کا ایک اور واقعہ، نواحی علاقے بیٹ بختیاری کے رہائشی محمد آصف کو شدید گرمی میں طویل فاصلہ طے کر کے پوسٹ آفس پہنچنے کے باوجود پارسل نہ دیا گیا۔

محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا ضروری پارسل اوچ شریف ڈاکخانے پہنچ چکا تھا، مگر متعلقہ عملے نے اسے گھر پہنچانے کے بجائے فون کر کے خود آنے کو کہا۔ محمد آصف کے مطابق جب وہ شدید گرمی میں تھکا ہارا پوسٹ آفس پہنچا تو عملے نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ملازم ابھی آیا نہیں، کل آ کر پارسل لے جانا۔ کئی گھنٹوں کے انتظار کے باوجود بھی کسی نے شنوائی نہ کی، جس پر وہ خالی ہاتھ اور مایوس واپس لوٹا۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ اس کی عزتِ نفس کو مجروح کیا گیا، اور وہ اذیت ناک تجربے سے گزرا۔ اس نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور محکمہ ڈاک کے ناقص نظام کو درست کیا جائے۔

اوچ شریف کے دیگر شہریوں نے بھی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، محکمہ ڈاک کی تاخیر، بدانتظامی اور غیر ذمہ دار عملے کی شکایات عام ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ شہریوں کی بنیادی سہولیات میں مزید رکاوٹ نہ آئے۔

Shares: