اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور کے احکامات کے تحت تحصیل احمد پور شرقیہ سمیت ضلع بھر میں شادی ہالز میں ون ڈش پالیسی کی سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و فوکل پرسن برائے انسدادِ ڈینگی مہم عمران حیدر سیال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، تاکہ عوام کو غیر ضروری اخراجات سے بچایا جا سکے اور سادگی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی شادی ہال یا منتظمین کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

انسدادِ ڈینگی مہم کے حوالے سے بھی عمران حیدر سیال نے عوام پر زور دیا کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر اور کمشنر بہاول پور ڈویژن کی ہدایت پر خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر شادی ہالز کا معائنہ کریں گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی پالیسی پر عملدرآمد میں تعاون کریں اور غیر ضروری اخراجات سے بچتے ہوئے سادگی کو اپنائیں تاکہ مثبت اور پائیدار معاشرتی نظام تشکیل دیا جا سکے۔

Shares: