اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے تحت ڈی پی او بہاولپور محمد حسن اقبال نے ضلع بھر میں پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت گاہ بنا دیا ہے۔ شہری مسائل کے فوری اور شفاف حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی مضبوط فضا قائم ہو۔

اسی سلسلے میں تھانہ اوچ شریف میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی براہِ راست نگرانی ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کی۔ کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں۔

ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات پر فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جائے، اور انصاف میں تاخیر یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔

ڈی پی او نے کہا:”وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ ہر تھانہ شہریوں کے لیے کھلا ہونا چاہیے۔ میرٹ، شفافیت اور انصاف پولیس کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے۔ عوام کو دروازے پر انصاف دینا ہمارا فرض ہے۔”

اس موقع پر ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ محمود اکبر، ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف فیصل امین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او محمد حسن اقبال کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بہاولپور پولیس ایک مثالی فورس کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اقدامات سے شہریوں کو پولیس پر دوبارہ اعتماد حاصل ہوا اور عوامی ریلیف میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

عوام نے کہا کہ ڈی پی او کی زیرِ نگرانی کھلی کچہریاں حقیقی معنوں میں "انصاف عوام کی دہلیز پر” کے تصور کو عملی شکل دے رہی ہیں۔

Shares: