![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2025/02/uch-tajawzat.jpg)
اوچ شریف،باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان ) تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، سڑکیں اور بازار کشادہ کرنے کا عمل تیز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "تجاوزات سے پاک پنجاب” کے تحت اوچ شریف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر میونسپل انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
آپریشن کا دائرہ مخدوم سید علی حسن گیلانی شہید چوک، عباسیہ نہر کنارے، الشمس چوک روڈ اور دیگر اہم تجارتی و رہائشی علاقوں تک پھیلا دیا گیا ہے، جہاں عارضی تجاوزات ہٹائے جا رہے ہیں اور غیر قانونی سامان ضبط کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم پختہ تھڑے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو۔
آپریشن کی نگرانی قاضی محمد نعیم کر رہے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی اور پنجاب پولیس کا مشترکہ اسکواڈ کارروائی کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے۔ دکانوں کے سامنے نصب غیر قانونی رکاوٹیں ہٹانے کے بعد سڑکوں کی حدود واضح ہو گئی ہیں، جس سے ٹریفک میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے اضافی افرادی قوت اور بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی تعمیراتی اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
شہریوں نے اس آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی میں بھی بہتری لائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق، اس مہم کا مقصد اوچ شریف کو تجاوزات سے پاک کر کے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔