اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) پٹرولنگ پولیس خیرپور ڈاہا نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاری ملزم ساجد ولد غلام فرید کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی محمد ساجد گھلیجہ ASI کی قیادت میں ناکہ بندی اور چیکنگ کے دوران عمل میں آئی۔

ملزم ساجد جو مقدمہ نمبر 77/23 میں مطلوب تھا، کئی ماہ سے روپوش تھا اور قانون کی گرفت سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق جدید ٹریکنگ سسٹم، سی سی ٹی وی نگرانی اور دیگر آلات کے ذریعے ملزم کی موجودگی کا سراغ لگا کر اسے خیرپور ڈاہا کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم پر سنگین جرائم کے الزامات ہیں اور اسے تفتیش کے لیے تھانہ دھوڑکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے اس کارروائی کو ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی عکاسی کرتی ہے۔

پٹرولنگ پولیس کی اس کامیابی سے علاقے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ عوام نے بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

Shares: