اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا، جس نے اوچ شریف کے شہریوں کو شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو غربت کی چکی میں پسے عوام پر ایک اور معاشی بم قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔
نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
اوچ شریف کے شہریوں محمد علی، معاذ خالد، محمود الحسن، محمد عمران، محمد شاہد نذیر، ملک یعقوب اور محمد ساجد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور زہریلا وار کیا ہے۔ پہلے ہی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے، اب ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے روزمرہ زندگی مزید ناقابلِ برداشت ہو جائے گی۔
شہریوں نے حکمرانوں کی شاہانہ زندگی اور پروٹوکول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک حکومتی اخراجات میں کٹوتی نہیں کی جاتی اور صرف عوام کو ہی قربانی کا بکرا بنایا جاتا رہے گا، تب تک یہ بحران سنگین ہوتا جائے گا۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری ریلیف نہ دیا تو عوامی ردعمل حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بن سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں اور مہنگائی کے خلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے پٹرولیم قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیں تاکہ عوام کچھ سکھ کا سانس لے سکیں۔