اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے رسول پور میں پل پنجند کی خستہ حالی کے باعث عوام سراپا احتجاج بن گئے اور حکام سے فوری مرمت و تعمیر کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ برسوں سے مخدوش حالت میں موجود یہ پل درجنوں دیہاتوں کو قومی شاہراہ اور سی پیک سے جوڑنے کا واحد ذریعہ ہے، لیکن اس کی خطرناک صورتحال روزانہ سیکڑوں شہریوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا رہی ہے۔
پل کے پشتے کمزور ہو چکے ہیں جبکہ حفاظتی جنگلے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مقامی کسانوں کو اپنی زرعی اجناس منڈیوں تک لے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے علاقے کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں گاڑیاں اس پل سے گزرتی ہیں، لیکن حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے ارباب اختیار کو پل کی مرمت کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں، مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر حکام نے بروقت قدم نہ اٹھایا تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے، جو نہ صرف قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بن سکتا ہے بلکہ علاقے کی ترقی کو بھی شدید متاثر کر سکتا ہے۔
اہلیانِ علاقہ نے کمشنر بہاول پور، ڈپٹی کمشنر بہاول پور، وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پل کی مرمت اور توسیع کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پل نہ صرف مقامی ٹریفک کے لیے اہم ہے بلکہ سی پیک کے راستے کو بھی سہولت فراہم کرتا ہے، اس لیے اس کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔








