اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور ضلعی فوکل پرسن برائے ڈینگی، ہیلتھ انسپکٹر عمران حیدر سیال نے انسداد ڈینگی مہم کے تحت دارارقم اسکول، عمر ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا اور اسکول کے سربراہ باسط کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
انسپکٹر عمران حیدر سیال نے اسکول میں پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا، جہاں ناقص صفائی اور غفلت پر انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ”بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، ان کی صحت و زندگی سے کسی کو کھیلنے نہیں دیا جائے گا۔”
سکول انتظامیہ کو فوری طور پر صفائی کے نظام کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، بصورت دیگر اسکول کو سیل کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ ہیلتھ انسپکٹر نے واضح کیا کہ”بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسکول انتظامیہ کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے گا۔”
دورے کے دوران وارننگ لیٹر اور لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے عمران حیدر سیال نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں صحت و صفائی کے معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔