اوچ شریف: تاریخی مزارات کی ناقص سیکیورٹی، شہریوں کی فوری اقدامات کی اپیل

اوچ شریف باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) 500 سالہ قدیم تاریخی شہر اوچ شریف میں واقع مذہبی مزارات پر نصب واک تھرو گیٹس کی خرابی نے شہر کی سیکیورٹی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں زائرین اور مقامی شہریوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔ اس خرابی نے اہم مذہبی مقامات کو دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف بنا دیا ہے، جس کے باعث علاقے میں بدامنی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

اوچ شریف جو پاکستان کے تاریخی اور روحانی مزارات کا مرکز ہے ہر جمعہ اور مذہبی تعطیلات پر ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد کا مرکز بنتا ہے۔ ان مزارات پر نصب واک تھرو گیٹس عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لگائے گئے تھے لیکن ان گیٹس کے غیر فعال ہونے سے شہریوں اور زائرین کے تحفظ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اس صورتحال نے سیکیورٹی کے دیگر انتظامات پر بھی شکوک پیدا کر دیے ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

شہریوں نے حکومت اور مقامی انتظامیہ سے فوری طور پر مسئلے کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واک تھرو گیٹس کی فوری مرمت اور سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ عقیدت مند محفوظ ماحول میں زیارت کر سکیں۔

مقامی افراد نے مزید زور دیا کہ مزارات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوچ شریف کی مذہبی اور تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

شہریوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ایسے اقدامات کرے جو زائرین کو سکون اور تحفظ فراہم کریں اور اس تاریخی شہر کی ساکھ برقرار رہے۔

Comments are closed.