اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے حساس مقامات اور تاریخی مزارات کی سیکیورٹی انتظامات بدستور ناقص، "ڈنگ ٹپاؤ پالیسی” کے تحت کیے گئے معاہدے ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ حالیہ دہشت گردی کے خدشات اور ضلع بہاولپور میں مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیکٹا کی جانب سے جاری کردہ دہشت گردی الرٹ کے باوجود اوچ شریف کے اہم مزارات، عبادت گاہوں، سرکاری عمارات، اور تاریخی آثار پر سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے۔ حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری اور حضرت غوث بندگی کے مزارات پر روزانہ ہزاروں زائرین کی آمد کے باوجود فول پروف سیکیورٹی کا انتظام نہ ہونے سے یہ مقامات ممکنہ خطرات کا شکار ہیں۔

محکمہ اوقاف کی جانب سے نجی سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں جن کی کارکردگی پر شہریوں نے بارہا سوال اٹھائے ہیں۔ ریٹائرڈ فوجیوں پر مشتمل فورس کا قیام صرف ایک وعدہ بن کر رہ گیا جبکہ سیکیورٹی کے لیے نصب میٹل ڈیٹیکٹرز اور سکینرز خراب حالت میں ہیں۔

شہر کے دیگر حساس مقامات جیسے پولیس اسٹیشنز، ہسپتال، تعلیمی ادارے، اور تجارتی مراکز بھی سیکیورٹی اقدامات سے محروم ہیں۔ تجاوزات اور غیر منظم مارکیٹوں کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے سیکیورٹی انتظامات کو فوری بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: