اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا عملہ صفائی کے بجائے تنخواہوں تک محدود، شہر گندگی اور ناکارہ سیوریج کے باعث بدبو اور بیماریوں کی لپیٹ میں آ گیا۔
محلہ اکبر ٹاؤن، سحر پبلک اسکول والی گلی سمیت کئی علاقے گٹروں کے گندے پانی میں ڈوب چکے ہیں، جس سے نمازیوں، طلبہ اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تعفن اور گندگی کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو چکے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی کے عملے کی عدم دلچسپی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔
شہریوں کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری کارروائی کا مطالبہ – ان کا کہنا ہے کہ سیوریج لائنوں کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام کو اس عذاب سے نجات ملے۔ گندے پانی میں گرنے سے بچے جلدی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور ناقص نکاسی آب کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔
شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد صفائی کے انتظامات بہتر نہ کیے گئے تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔








