اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے مرکزی ڈاکخانے میں عملے کی ہٹ دھرمی، بدسلوکی اور غفلت نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انجمن تاجران اوچ شریف کے صدر عمر خورشید سہمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صورتحال کو "عوامی تذلیل کا تسلسل” قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عینی شاہدین اور متاثرہ شہریوں کے مطابق ڈاکخانے کا عملہ اختیارات کے نشے میں چور اور عوامی خدمت کے جذبے سے مکمل طور پر خالی ہے۔ بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ معمول بن چکا ہے۔ سرکاری اوقات کار صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہیں، لیکن ڈاکخانہ دوپہر 12 بجے ہی بند کر دیا جاتا ہے۔ شہریوں کو دھکے، گالم گلوچ اور بےعزتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عمر خورشید سہمن کے مطابق اگر اس معاملے پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو انجمن تاجران احتجاجی دھرنے، ریلیوں اور پریس کانفرنسز کے ذریعے اپنا موقف بھرپور انداز میں سامنے لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکخانے کا معاملہ محض ایک ادارے کی بدانتظامی نہیں بلکہ عوامی اعتماد کا بحران ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ڈاک کی مسلسل خاموشی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
عوامی، سماجی اور تاجر حلقوں نے بھی غفلت، بدتمیزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب عملے کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بصورتِ دیگر یہ مسئلہ ایک بڑے عوامی احتجاج کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔