اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں مہنگائی کا طوفان بے قابو ہو چکا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی غیر موجودگی کے باعث منافع خوروں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے، اور عوام دو وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت مشکلات کا شکار ہیں۔

اوچ شریف میں چکن، بڑا گوشت، چینی، سبزی، پھل، دودھ اور دیگر بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور متعلقہ حکام کی لاپرواہی کے باعث منافع خور کھلم کھلا لوٹ مار کر رہے ہیں، جبکہ سرکاری نرخنامہ محض ایک کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے۔

شہر کے مختلف بازاروں میں دکانداروں نے من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں۔ سرکاری نرخنامے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر اشیائے خورد و نوش دوگنے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سبزی اور پھل فروشوں سے لے کر گوشت اور دودھ بیچنے والوں تک، ہر ایک نے اپنی من مرضی کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں، اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔

شہریوں شبیر احمد، عثمانی ارشاد احمد، عارف حسین، رجب علی اور محمد یعقوب کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں نام کی حد تک بھی موجود نہیں۔ اگر یہ کمیٹیاں قائم ہیں تو وہ کیا کر رہی ہیں؟ عوامی اور سماجی حلقے اس بات پر سخت برہم ہیں کہ انتظامیہ کے افسران دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، جبکہ بازاروں میں عام شہری مہنگائی کے ہاتھوں بے حال ہو چکے ہیں۔

اوچ شریف کے عوام اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے، بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

Shares: