اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) موسم سرما کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ بڑھ گئی، لیکن قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے یہ صحت بخش غذائیں متوسط طبقے کی پہنچ سے دور کر دی ہیں۔

بادام، پستہ، کاجو، اور کشمش جیسی اشیاء جو سردی میں توانائی اور صحت کے لیے مفید سمجھی جاتی ہیں، اب صرف اشرافیہ کی دسترس میں ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات خریدنا ان کے لیے ایک خواب بن چکا ہے۔ شہری عبد اللہ، احمد خان، شفیق انجم، اور دیگر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے باعث اب ان کا انحصار صرف مونگ پھلی پر رہ گیا ہے، لیکن خودساختہ مہنگائی نے اسے بھی مشکل بنا دیا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سپلائی کی کمی اور بڑھتی ہوئی طلب ہے۔ دوسری طرف شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مصنوعی مہنگائی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

Shares: