اوچ شریف: پرنس بہاول عباس خان عباسی کی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی سے اہم ملاقات

اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): نواب صلاح الدین عباسی کے ولی عہد، پرنس بہاول عباس خان عباسی نے گزشتہ روز شمس محل میں سینیئر پارلیمنٹیرین اور درگاہ عالیہ قادریہ کے سجادہ نشین مخدوم سید افتخار حسن گیلانی سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملکی و علاقائی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران سجادہ نشین مخدوم افتخار حسن گیلانی نے پرنس بہاول عباس خان کو اپنے خاندان کے تاریخی نوادرات اور درگاہ کی وراثتی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ پرنس بہاول نے گیلانی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود قیمتی کتابوں اور مواد پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو علاقے کی ترقی اور سیاسی تعلقات کے استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے بعد پرنس بہاول عباس خان نے سجادہ نشین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے درمیان یہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ عوامی سطح پر بھی اس ملاقات کو باہمی تعاون کی نئی راہوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Comments are closed.