اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) شہر میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا، جبکہ پولیس کی خاموشی پر عوام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ اوچ شریف کی حدود میں گزشتہ دو ہفتوں سے چوری اور ڈکیتی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں مسلح ڈاکو اور چور دکانوں اور گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ گزشتہ شب بھی معروف تاجر آصف خان کی کنفیکشنری شاپ پر پانچ مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر دکاندار اور عملے کو یرغمال بنا لیا اور 1 لاکھ 10 ہزار روپے نقدی اور 1 لاکھ روپے مالیت کے قیمتی موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے۔
اس کے علاوہ محلہ امیر آباد اور ٹینکی چوک میں بھی چور متعدد دکانوں کی چھتیں کاٹ کر قیمتی سامان لے اڑے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی لاپرواہی اور مجرمانہ خاموشی نے جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔
شہریوں نے ڈی پی او بہاولپور اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پولیس محض روایتی ایف آئی آر درج کر کے خانہ پری کر رہی ہے، جبکہ عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر صورتحال برقرار رہی تو شہریوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سے مکمل اعتماد ختم ہو جائے گا۔