اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) رمضان المبارک کی آمد قریب آتے ہی سٹاک مافیا نے اشیائے خورد و نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانی قیمتوں پر فروخت کے لیے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی، جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ وئیر ہاؤسز، گوداموں اور ڈیروں پر اشیاء کی وافر مقدار میں ذخیرہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ متعلقہ افسران اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تحصیل و مقامی انتظامیہ کی خاموشی سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اوچ شریف اور گردونواح میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی، گھی، سبزیاں، پھل اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ اسٹاک مافیا کی جانب سے بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کے باعث مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہو رہی ہے۔
شہری محمد آصف، مشتاق احمد، محمد یوسف، سمیع اللہ فاروقی، طلحہ خان اور محمد اسماعیل سمیت دیگر افراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے طوفان کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ غریب عوام رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سہولت کے ساتھ روزے رکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال رمضان سے قبل مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہو جاتا ہے، مگر حکومتی اقدامات ناکافی ثابت ہوتے ہیں۔
شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ تحصیل و ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں اور ناجائز منافع کمانے والے تاجروں کے خلاف کوئی عملی کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کی وجہ سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کر کے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ حکومت کو محض کارروائیوں پر توجہ دینے کے بجائے مہنگائی کی اصل وجوہات پر قابو پانے کے لیے طویل المدتی پالیسی مرتب کرنی چاہیے، تاکہ ہر سال رمضان میں پیدا ہونے والی مشکلات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ شہریوں نے کمشنر بہاولپور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور روزے دار کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہ ہوں۔