اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مکھن بیلہ میں مسلح ڈاکوؤں نے شہری سے 4 لاکھ 85 ہزار روپے چھین لیے، مزاحمت پر فائرنگ اور چھرے کے وار سے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جمیل ولد محمد ریاض جو مکھن بیلہ کا رہائشی ہے رات 8 بجے اپنی رقم لے کر موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں نقاب پوش ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر نقدی چھیننے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر انہوں نے چھرے سے حملہ کیا اور ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو اوچ شریف رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پولیس حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد مجرموں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔