اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اشٹامپ فروش مافیا کی من مانیوں سے دیہاتی اور سادہ لوح عوام شدید متاثر۔ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر اسٹامپ فروخت معمول بن گیا، جبکہ سابقہ تاریخوں کے اسٹامپ کے غیر قانونی کاروبار کا بھی انکشاف ہوا۔

ذرائع کے مطابق سب تحصیل اوچ شریف اور ریونیو آفس کے احاطے میں اسٹامپ فروشوں نے 150 روپے والے اسٹامپ 250 روپے تک فروخت کرنا معمول بنا رکھا ہے۔ نیٹ ورک مسائل کا بہانہ بنا کر اضافی رقم وصول کی جارہی ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور نائب تحصیلدار کسی بھی کارروائی سے قاصر نظر آتے ہیں۔

ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود اسٹامپ فروش احاطہ عدالت کے اندر اور باہر بے ضابطگی سے اسٹامپ فروخت کر رہے ہیں۔ بعض اسٹامپ فروش اپنے لائسنس کرائے پر دے کر غیر قانونی طور پر دھندہ کر رہے ہیں، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

شہریوں ملک فاروق، حاجی ربنواز، محمد سلطان اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور متعلقہ حکام سے فوری کارروائی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: