اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) سبزی و فروٹ کے آڑھتیوں نے منڈی میں اپنی من مانی قیمتیں مقرر کرنا شروع کر دی ہیں، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کے مطابق، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غیر موجودگی اور انتظامیہ کی خاموشی کے سبب نرخوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اوچ شریف کی سبزی و فروٹ منڈی میں روزانہ بولیاں لگتی ہیں، مگر سرکاری افسران کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آڑھتی اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اشیاء کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافی وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ غیر معیاری اشیاء بھی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
حکومت پنجاب کے سستے داموں سبزی اور پھل فراہم کرنے کے دعوے اوچ شریف میں حقیقت کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار میڈیا پر مہنگائی کی خبریں آنے کے بعد انتظامیہ چند دن کے لیے متحرک ہوتی ہے، مگر جلد ہی سب کچھ پہلے جیسا ہو جاتا ہے۔
عوامی و سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نگرانی یقینی بنائی جائے، تاکہ نرخ قابو میں رہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ فوری ایکشن لے کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام پیدا کیا جائے، تاکہ غریب عوام سستی سبزی اور پھل خرید سکیں۔