اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)میٹرک رزلٹ 2025 میں اوچ شریف روڈ پر واقع چنی گوٹھ کے نواحی علاقے چک نمبر 151 این پی کے لاریب پبلک ہائی سکول نے تعلیمی میدان میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ادارے کی ہونہار طالبہ سعدیہ بی بی نے پنجاب بورڈ کے سالانہ امتحان میں 1141 نمبر حاصل کر کے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ پورے علاقے کا نام فخر سے بلند کر دیا۔

اس شاندار کامیابی پر اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم خان نے طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ:

"یہ کامیابی ہماری مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ میں والدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا، اور اپنے جملہ سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بچوں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔”

یاد رہے کہ یہ اسکول پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) سے الحاق شدہ ہے اور علاقے بھر میں گورنمنٹ و پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں میں اپنی تعلیمی کارکردگی کے باعث ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ والدین نے بھی اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی تعریف کی اور کہا کہ:

"ڈاکٹر محمد اکرم خان اور ان کے اساتذہ نے ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت دی، ہم ان کے شکر گزار ہیں۔”

ڈاکٹر محمد اکرم خان نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ PEF کے معیار کے مطابق حکومت پنجاب کے تعلیمی ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ادارے میں ہائی کوالیفائیڈ اسٹاف کا انتخاب کیا جائے، طلبہ کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تدریس کے جدید اصولوں کو اپنایا جائے تاکہ ادارہ مزید کامیابیوں کی راہ پر گامزن رہے۔

اس کامیابی نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر جذبہ، محنت اور نیت خالص ہو تو دیہی علاقوں کے تعلیمی ادارے بھی بڑے شہروں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ سعدیہ بی بی کی کامیابی پورے علاقے کے لیے ایک روشن مثال بن گئی ہے۔

Shares: