اوچ شریف: ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت، شہری بیماریوں کا شکار

اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں مبینہ ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی کھلے عام فروخت جاری، جس کے باعث پیٹ اور معدے کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ دودھ اور دہی میں مضر صحت کیمیکلز کی آمیزش کے بارے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مجرمانہ خاموشی سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں ملاوٹ مافیا کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

تفصیل کے مطابق اوچ شریف شہر میں ناقص اجزاء سے ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت عروج پر ہے، جس سے عوام کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے الشمس چوک، غوث اعظم چوک، علی پور روڈ، حسینی چوک، ٹینکی چوک وغیرہ میں دکاندار مضر صحت کیمیکلز سے ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی فروخت کر رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ راتوں رات ملاوٹ شدہ دودھ کے ڈرم شہر لائے جاتے ہیں اور انہیں خالص دودھ کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ خاموشی اور محکمہ کی آشیرباد سے یہ مضر صحت دودھ شہریوں کے معدے اور صحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں ملاوٹ شدہ دودھ خریدنا ایک مشکل کام بن چکا ہے، اور فوڈ اتھارٹی سمیت کوئی ادارہ ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری جائزہ لیا جائے اور ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کو روکا جائے۔

Comments are closed.