اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)مضر صحت اشیاء کی فروخت، فوڈ اتھارٹی ناکام،عوام بیماریوں کے سپرد
تفصیل کے مطابق اوچ شریف و گردونواح میں مضر صحت اشیاء کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ دکانداروں کی جانب سے باسی سبزیاں، گلی سڑی اشیاء اور ناقص گھی کا استعمال کرکے تیار کی جانے والی کھانے کی اشیاء شہریوں کی صحت کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔
اس حوالے سے سب سے زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ فوڈ اتھارٹی اس مسئلے پر کوئی مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ فوڈ اتھارٹی کے ملازم بعض بڑے دکانداروں سے مبینہ طور پر رشوت لے کر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اس صورتحال کا براہ راست اثر شہریوں کی صحت پر پڑ رہا ہے، جس سے روزانہ درجنوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس کے نتائج عوام کی صحت پر منفی اثر ڈالیں گے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کیونکہ اوچ شریف میں مضر صحت اشیاء کی فروخت ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس نے شہریوں کی صحت کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔