اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج، ڈیرہ نواب صاحب کینٹ احمد پور شرقیہ میں مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے شعبہ سرائیکی کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے کی، جبکہ طلبہ، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں سرائیکی شعرا شاہد کلیار اور ناساز نے اپنی شاعری پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ ڈاکٹر الطاف ڈاھر جلالوی نے خطاب میں کہا کہ مادری زبان نہ صرف ثقافت کی روح ہے بلکہ ترقی و خوشحالی کی کنجی بھی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرائیکی زبان کو فوری طور پر پی پی ایس سی اور سی ایس ایس امتحانات میں شامل کیا جائے اور ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دی جائے۔
دوسری جانب، اوچ شریف میں بھی عالمی یومِ مادری زبان کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی، شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ، میاں محمد عامر صدیقی، خواجہ غلام شبیر، اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ کسی بھی قوم کی زبان اس کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی بنیاد ہوتی ہے، اور اگر مادری زبان کو نظرانداز کیا گیا تو تاریخ اور تہذیب بھی مٹ سکتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی نظام میں ایسی اصلاحات کی جائیں، جن کے تحت بچوں کو ابتدائی تعلیم ان کی مادری زبان میں دی جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے سیکھ سکیں۔ مقررین نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ گھروں میں بچوں سے مادری زبان میں گفتگو کریں تاکہ نئی نسل اپنی زبان اور ثقافت سے جڑی رہے۔