اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) شہر میں خوشی کا سماں ہے! معروف روحانی خاندان مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی پوتی نیک اختر کی شادی گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر حسام الدین حسام کے فرزند مہر فواد الدین کے ساتھ ہوئی ہے۔
یہ شادمانی کا موقع اوچ شریف کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ دونوں خاندانوں کے درمیان یہ رشتہ نہ صرف دو خاندانوں کو جوڑے گا بلکہ پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے
تقریب کا اہتمام مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی جانب سے خانوادہ گیلانیہ اوچ شریف، ملتان اور گولڑہ شریف کے اعزاز میں کیا گیا۔ اس موقع پر مشائخ اتحاد کونسل علمائے پاکستان کے چیئرمین مخدوم پیر سید سہیل حسن گیلانی، سجادہ نشین دربار حضرت محبوب سبحانی، مخدوم سلمان حسن گیلانی، اور ولی عہد دربار حضرت محبوب سبحانی سید رحمان حسن گیلانی نے شرکت کی۔
ملتان سے دربار حضرت موسیٰ پاک کے سجادگان جیسے مخدوم سید ولایت مصطفی گیلانی، مخدوم سید ابو الحسن گیلانی، اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب کی رونق میں اضافہ کرنے کے لیے موجود تھیں۔ گولڑہ شریف سے سجادہ نشین پیر حسام الدین حسام، سجادہ نشین غلام نظام الدین جامی، اور دیگر مشائخ نے بھی شرکت کی۔
یہ تقریب دونوں خانوادوں کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی احترام کی علامت تھی، جس میں خصوصی دعا کے ساتھ خوشیوں کو دوبالا کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مشائخ اتحاد کونسل کے چیئرمین مخدوم سید سہیل حسن گیلانی نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا کی اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کی جنگ بندی کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔








