اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)علی پور روڈ، انڈس ہائی وے پر للو والی موڑ کے قریب مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان آمنے سامنے شدید تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع صبح 9 بج کر 7 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں 7 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے BPA-27، BPA-34، BPA-35، BF-6 اور APR-1 روانہ کیے گئے۔

ریسکیو عملے کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت رمشا بی بی زوجہ محمد شریف، عمر 20 سال، ساکن ترنڈہ محمدپناہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں حادثے کے باعث جسم کے مختلف حصوں پر شدید چوٹیں اور متعدد فریکچرز آئے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔ متوفیہ کی ڈیڈ باڈی کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

حادثے میں محمد شریف ولد مظفر احمد، عمر 27 سال، معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا گیا، جبکہ تین دیگر معمولی زخمی افراد ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی قریبی ہسپتال منتقل ہو چکے تھے۔

حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے ریسکیو اور پولیس کی مدد سے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے انڈس ہائی وے پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رفتار کی نگرانی، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

Shares: