اوچ شریف(باغی ٹی وی رپورٹ)پریس کلب کے انتخابات باغی ٹی وی کے نامہ نگارحبیب خان جنرل سیکرٹری منتخب

تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں پریس کلب کے سال 2025 کے انتخابات مکمل ہو گئے۔ یہ تقریب مخدوم سید علی حسن گیلانی شہید اسٹیڈیم کے سرسبز میدان میں منعقد ہوئی، جہاں پریس کلب اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف سے کیا گیا، جس کی سعادت قاری سمیع اللہ نے حاصل کی۔

انتخابات کے نتیجے میں متفقہ اور اکثریتی فیصلے سے نئی باڈی تشکیل دی گئی، جس کے تحت احمد حسن اعوان سرپرست اعلیٰ، میاں محمد عامر صدیقی صدر، اور حبیب اللہ خان جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ دیگر عہدے داران میں خواجہ غلام شبیر چئیرمین، ساجد حسین بنوں سینئر نائب صدر، خواجہ سہیل وائس چئیرمین، اور بلال خان شکرانی فنانس سیکرٹری شامل ہیں۔ نو منتخب عہدے داران کے ساتھ دیگر اراکین میں طلحہ سیال، ملک مزمل وارن، محمد صفدر، شاہد فہیم، اور محمد آفتاب شامل ہیں۔

تقریب کے دوران مقررین نے صحافت کے کردار اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مثبت صحافت کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جدید صحافتی اسکلز سیکھنے اور معیار کو بہتر بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اختتام پر نو منتخب عہدے داران اور مہمانان گرامی کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے نو منتخب ٹیم کے لیے مبارکبادی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام کی توقعات کا اظہار ہوتا ہے۔ نو منتخب اراکین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مثبت صحافت کے ذریعے علاقے کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

Shares: