اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں خود ساختہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر اور نواحی علاقوں میں سبزیوں، پھلوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سبزی فروش، پھل فروش اور کریانہ دکانداروں نے من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ٹماٹر، پیاز، آلو، لہسن، ادرک، دھنیا، مرچ اور دیگر اشیائے خوردونوش غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان نے گھر کا بجٹ تباہ کر دیا ہے، تنخواہیں وہی ہیں مگر اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔

عوامی شکایات کے باوجود پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں جبکہ مارکیٹوں میں چیکنگ کا عمل نہ ہونے کے برابر ہے۔ ناجائز منافع خوروں نے انتظامیہ کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، گراں فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے اور مارکیٹ چیکنگ کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Shares: